شکار پور: دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ، تاجر قتل

شکارپور (سیف مصطفیٰ نمائندہ/ جانو ڈاٹ پی کے)گڑھی یاسین مدئجی میں کَلھوڑا جوڻيجا برادری کے درمیان تنازع ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا
مدئجی شہر میں کَلھوڑا اور جوڻيجا برادری کے درمیان پرانا تنازع ایک مرتبہ پھر خونی رخ اختیار کر گیا۔ مدئجی ناکہ کے قریب میرانی محلہ میں نامعلوم مسلح افراد نے معروف تاجر علی گوہر کَلھوڑا کے بھائی پیرسن مور کَلھوڑا کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کر دیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ شہریوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔ فائرنگ کی آوازیں سن کر علاقہ مکین موقع پر جمع ہو گئے، تاہم حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مقتول کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جوڻيجا برادری کے افراد نے منصوبہ بندی کے تحت ان کے بھائی مور کَلھوڑا کو نشانہ بنایا اور گولیوں کی بوچھاڑ کر کے قتل کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قتل پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے تاکہ علاقے میں امن بحال ہو سکے۔



