تھر اسپورٹس فیسٹیول: سندھ کے روایتی کھیل ملھ ملاکھڑا کے سنسنی خیز مقابلے، عمرکوٹ کے علی انور کی شاندار کامیابی

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی)سندھ حکومت اور محکمۂ کھیل کے زیرِ اہتمام تھر اسپورٹس فیسٹیول کے دوران سندھ کے روایتی کھیل ملھ ملاکھڑا کے شاندار اور سنسنی خیز مقابلے منعقد کیے گئے۔
ترجمان محکمۂ کھیل کے مطابق مقابلوں میں مٹھی، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹہ سمیت سندھ کے مختلف اضلاع سے 40 سے زائد ملھ پہلوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملھ پہلوانوں کے پہلے جوڑ میں عمرکوٹ کے علی انور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی، جبکہ دوسرے جوڑ میں رجب راہمون (مٹھی) اور تیسرے جوڑ میں ارجن بھیل (مٹھی) نے میدان مار لیا۔
ترجمان کے مطابق مقابلوں میں پہلے، دوسرے اور تیسرے جوڑ میں کامیابی حاصل کرنے والے پہلوانوں میں سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر اور ڈائریکٹر کھیل سندھ اسد اسحاق نے کیش انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
اس موقع پر سندھ کے نامور ملھ پہلوانوں میں ٹیڈی شیدی، رجب راہمون، قربان ہوتھی پوٹو، اصغر ہالیپوٹو سمیت دیگر مشہور پہلوانوں نے بھی شرکت کی، جنہوں نے مقابلوں کو انتہائی دلچسپ اور یادگار بنا دیا۔
ترجمان کے مطابق کامیابی حاصل کرنے والے تینوں جوڑ کے پہلوانوں کو 50 ہزار روپے نقد انعام اور ٹرافیاں دی گئیں۔



