مٹھی میں تھر اسپورٹس فیسٹیول کا آغاز

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)سندھ حکومت اور محکمہ کھیل کے زیرِاہتمام2روزہ تھر اسپورٹس فیسٹیول مٹھی میں شاندار انداز سے شروع ہوگیا، جو 7 فروری تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑیوں، بچوں، نوجوانوں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی، فیسٹیول کا افتتاح سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر اور رکن قومی اسمبلی مہیش ملانی نے کیا۔ اس موقع پر کمشنر میرپورخاص، ڈائریکٹر کھیل سندھ اسد اسحاق، ڈپٹی کمشنر مٹھی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر واش دیو مالہی، ایس او علی ڈنو گوپانگ، پیپلز پارٹی کلچرل ونگ کے پپو پرکاش اور دیگر اضلاع کے اسپورٹس افسران بھی موجود تھے۔ ترجمان محکمۂ کھیل کے مطابق فیسٹیول کے دوران تین کلومیٹر منی میراتھن کا انعقاد کیا گیا، جس میں دو ہزار سے زائد گرلز اور بوائز نے حصہ لیا۔گرلز میراتھن میں نشا نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے 25 ہزار روپے نقد انعام جیت لیا، جبکہ بوائز میراتھن میں امر جگدیش ملانی (گورنمنٹ اسکول مٹھی) نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ترجمان کے مطابق میراتھن کے فاتح گرلز اور بوائز میں مجموعی طور پر ڈھائی لاکھ روپے کے کیش انعامات تقسیم کیے گئے۔تھر اسپورٹس فیسٹیول میں گھوڑا ریس، اونٹ ریس، رسہ کشی، ملھ ملاکھڑا، کرکٹ سمیت دیگر روایتی اور جدید کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ فیسٹیول کا آغاز تھر کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے مشہور ڈانڈیا ڈانس اور شاندار پریڈ مارچ سے کیا گیا۔اس موقع پر سیکریٹری کھیل سندھ منور علی مہیسر نے کہا کہ وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی خصوصی ہدایت پر مٹھی میں دوسری مرتبہ ایک بڑے اسپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے،جس کا مقصد تھر کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فیسٹیول میں بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے۔

مزید خبریں

Back to top button