لاڑکانہ میں یوم یکجہتی کشمیر پر پرامن ریلی، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا اعادہ

لاڑکانہ: (رپورٹ: احسان جونیجو/جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پرامن ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی میں سرکاری افسران، طلبہ، اساتذہ، اسکاؤٹس اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ڈی او پرائمری آفس قائم شاہ بخاری روڈ سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ شرجیل نور چنہ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل اعجاز لغاری، ڈی او پرائمری انیس الرحمٰن جلبانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی ممتاز ابڑو نے کی۔ ریلی گرلز کالج روڈ اور جناح باغ چوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، جہاں مقررین نے خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ یوم یکجہتی کشمیر 1990 سے ایک قومی روایت بن چکا ہے، جو کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کی علامت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے، اور اس معاملے پر پوری قوم کا موقف متحد اور غیر متزلزل ہے۔
ریلی میں شیراز محمود پٹھان، صدا میرانی، اشفاق شیخ، ندیم بھٹو، مقصود احمد، اسد عباسی سمیت دیگر افسران، سیاسی و سماجی رہنما اور شہری بھی شریک ہوئے۔ ریلی کشمیری عوام کے لیے دعاؤں اور پرامن نعروں کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔



