ھالا،بدامنی،سماجی برائیوں اور ترقیاتی سکیموں میں کرپشن کیخلاف مٹیاری عوامی اتحاد کی اے پی سی

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت/جانو ڈاٹ پی کے)ھالا میں بڑھتی ہوئی بدامنی، سماجی برائیوں اور ترقیاتی سکیموں میں کرپشن کے خلاف مٹیاری عوامی اتحاد کی جانب سے پریس کلب ہالا میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں مٹیاری عوامی اتحاد کے کنوینر فقیر محمد لاکو، عبدالرشید دیٹھو، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نصیر احمد میمن، منصور نواز بھیاں، پاکستان تحریک انصاف کی نازش فاطمہ، سندھ سکار سوسائٹی کے چیئرمین ایاز میمن، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے شکور ناز خاصخیلی، رحمت اللہ بلال اور دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہالا سمیت ضلع مٹیاری میں بدامنی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور لوگ دن دہاڑے لوٹ مار کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مٹیاری میں منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈے سرِعام چل رہے ہیں، جبکہ پولیس ان سماجی برائیوں اور جرائم پر قابو پانے کے بجائے مبینہ طور پر منتھلیاں مقرر کر کے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، جس کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

مقررین نے مزید کہا کہ ضلع مٹیاری میں جاری ترقیاتی اسکیموں میں بھی بڑے پیمانے پر کرپشن کی جا رہی ہے۔ من پسند ٹھیکیداروں کو کمیشن کے عوض ٹھیکے دیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ناقص مٹیریل استعمال ہو رہا ہے اور کئی ترقیاتی اسکیمیں التوا کا شکار ہو چکی ہیں۔

کانفرنس کے اختتام پر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ہالا سمیت پورے ضلع مٹیاری میں بدامنی پر فوری قابو پایا جائے، منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈے بند کرائے جائیں اور ترقیاتی اسکیموں میں کرپشن میں ملوث ٹھیکیداروں کے خلاف تحقیقات کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورتِ دیگر ضلع بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button