مٹھی کے قریب گاؤں میں آتشزدگی،3گھر اور تمام سامان جل کر خاکستر

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی کے قریب گاؤں سانیاسر نہڑیا میں اچانک آگ لگنے کے نتیجے میں انتظار ولد امیر بخش نہڑیا اور عطاءاللہ ولد امیر بخش نہڑیا کے گھر جل کر مکمل طور پر خاکستر ہو گئے۔
آتشزدگی کے باعث گھروں میں موجود اناج، کپڑے، روزمرہ استعمال کا سامان، زیورات اور بچیوں کا جہیز بھی جل کر راکھ ہو گیا، جبکہ آگ کی شدت سے ساتھ والے تیسرے گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
دیہاتیوں کے مطابق آگ اچانک بھڑک اٹھی، جس کے باعث گھر والوں کو سامان نکالنے کا موقع نہ مل سکا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں کیں۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی کچھ دیر بعد موقع پر پہنچی، تاہم کچے مکانات ہونے کے باعث آگ تیزی سے پھیل گئی اور گھر مکمل طور پر جل گئے۔
واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے آ گئے ہیں اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ غریب مزدور ہیں اور ان کا تمام روزگار اور جمع پونجی آگ کی نذر ہو چکی ہے۔ انہوں نے حکومت، ضلعی انتظامیہ، سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات سے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔
متاثرہ خاندان کسی مسیحا کے منتظر ہیں تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگیاں بحال کر سکیں۔



