وزیرآباد:فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر چناب پارٹیکل بورڈ سیل، شہر بھر میں نوٹس جاری

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)فائر سیفٹی پر عمل درآمد نہ ہونے پر چناب پارٹیکل بورڈ سیل!!شہر بھر میں نوٹس ڈیلیور!!انسانی جانوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ گوارا نہیں!!سیفٹی رولز کو فالو کیے بغیر ہرگز کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔گلریز افضل وڑائچ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر چیف آفیسر بلدیہ علی پور چٹھہ گلریز افضل وڑائچ نے آگ بجھانے والے آلات کی مناسب تنصیب نہ ہونے پر گوجرانولہ روڈ پر واقع چناب پارٹیکل بورڈ کو سیل کردیا۔چناب پارٹیکل بورڈ فیکٹری میں چپ بورڈ کی شیٹیس تیار کی جاتی ہیں اور فیکٹری میں سینکڑوں مزدور کام کرتے ہیں مگر ورکرز کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہوئے آگ بجھانے کے آلات نصب نہیں کیے گئے تھے جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔اس موقع پر چیف آفیسر نے صحافیوں سے خطاب میں کہا کہ کسی کو بھی مزدور کی جان سے کھیلنے نہیں دیا جائے گا انسانی جان بہت قیمتی ہے اسکی حفاظت اولین فریضہ ہے اسکے بغیر کسی بھی کاروبار کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں تمام کاروباری مراکز،انڈسٹریل زون سمیت شادی ہالوں کو نوٹس بھجوا دئیے گئے ہیں کہ جلد از جلد آلات کی تنصیبات مکمل کرلی جائے بصورت دیگر پوائنٹ سیل کردیا جائے گا۔شہر کے عوامی سماجی حلقوں نے اس حکومتی اقدام کو جہاں خوش آئند قرار دیا ہے وہی شہر بھر میں موجود انڈسٹریز میں حفاظتی اقدامات کروانے پر بھی زور دیا ہے کیونکہ مشاہدے میں آیا ہے کہ شہر بھر میں موجود انڈسٹریز میں ورکرز کے لیے حفاظتی اقدامات خاطر خواہ نہ ہونے سے آئے روز حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں لہذا سب سے پہلے ورکرز کی سیفٹی کے لیے مؤثر اقدامات کروائے جائیں۔



