شجاعت، وفا اور ثابت قدمی میں حضرت مولا غازی عباس علمدار علیہ السلام کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی: مقررین

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) حضرت مولا غازی عباس علمدار علیہ السلام شجاعت و پامردی کے کوہ گراں تھے، آپ میدان کربلا میں امام حسین علیہ اسلام کی فوج کے سپہ سالار اور علمدار تھے، آپ کا اسم مبارک عباس اور مشہور القابات ابوالفضل، قمر بنی ہاشم، علمدار حسینی، شہنشاہ وفا، سقائے سکینہ ؑ، غازی اور باب الحوائج ہیں، ان خیالات کا اظہار قاری علی منتظری اور سید علی انصر زیدی نے دربار حسین علی پور چٹھہ میں جشن معصومین علیہ السلام کے سلسلے میں منعقدہ میلاد سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مقررین نے کہا کہ حضرت عباس علیہ السلام کی شجاعت و بہادری اور ان کے تمام فضائل وکمالات کی مثال و نظیر پوری تاریخ بشریت میں نہیں ملتی، کربلا کے میدان میں حضرت عباس علیہ السلام نے جس عزم وحوصلہ، شجاعت وبہادری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اس کو بیان کرنے کا مکمل حق ادا کرنا نہ تو کسی زبان کے لئے ممکن ہے اور نہ ہی کسی قلم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اسے لکھ سکے، تقریب سے سید ابرار حسین نقوی، ذاکر ناصر حسین، منقبت خواں سید سہیل اکبر زیدی اور سید عمران زیدی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر حضرت قاسم علیہ السلام کی مناسبت سے دسترخوان کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء میلاد کو کھانا کھلایا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button