پاکستان کی جانب سے سے گرائے گئے بھارتی رافیل طیاروں کے نمبر سامنے آگئے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایک عالمی دفاعی تحقیقاتی رپورٹ میں بھارتی دفاعی برتری کے دعوؤں کو چیلنج کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
برطانوی دفاعی جریدے کی ایرومیگزین کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان 52 منٹ پر مشتمل فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی فضائیہ کے چار رافیل لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تباہ ہونے والے رافیل طیاروں کے سیریل نمبرز BS001، BS021، BS022 اور BS027 تھے، تاہم بھارت ان طیاروں کے حوالے سے کوئی مستند تصاویر یا شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی فضائیہ کی ملٹی ڈومین آپریشن حکمتِ عملی کے باعث بھارتی پائلٹس شدید دباؤ کا شکار رہے اور مؤثر ردعمل نہ دے سکے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کو مجموعی طور پر 4 رافیل طیاروں کے علاوہ ایک مگ 29، ایک ایس یو 30 اور ایک ہیرون ڈرون کا بھی نقصان ہوا۔ رپورٹ کے مطابق 10 مئی کو پاکستانی JF-17 بلاک-3 طیارے نے ادھم پور میں نصب بھارتی دفاعی نظام S-400 کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنایا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے برنالا میں واقع بھارتی کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو تباہ کیا، جب کہ پاکستانی سائبر یونٹس نے بھارت کے ڈیجیٹل اور سوشل نیٹ ورکس کے بڑے حصے کو متاثر کیا۔
رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع تھا کہ کسی فضائیہ نے سائبر اور روایتی عسکری کارروائیوں کو ایک ساتھ مؤثر انداز میں استعمال کیا۔



