سول سوسائٹی آف سندھ کا تعلقہ اسپتال ہالا میں اجلاس،این آئی سی وی ڈی یونٹ کے فوری قیام کا مطالبہ

ہالا رپورٹ(رپورٹ:امجد راجپوت/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)سول سوسائٹی آف سندھ ہالا کی جانب سے تعلقہ اسپتال ہالا میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسپتال میں این آئی سی وی ڈی (NICVD) یونٹ قائم نہ ہونے اور دل کے مریضوں کو بروقت سہولیات نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں شہر کی سماجی تنظیموں، شہری رہنماؤں اور صحت کے ماہرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین سول سوسائٹی سید گلفام شاہ کاظمی، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالرشید میمن، ایم ایس تعلقہ اسپتال ڈاکٹر عبدالسلام میمن، کے کے نارائن سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہالا ضلع مٹیاری کا مرکز اور گنجان آبادی والا شہر ہے، جہاں ہالا اور قریبی دیہات کے دل کے مریضوں کو فوری سہولیات نہ ہونے کے سبب حیدرآباد یا نواب شاہ ریفر کیا جاتا ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ بروقت ایمرجنسی نہ ملنے کے باعث کئی مریض راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں، جو انتہائی افسوسناک صورتحال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہالا کے پچاس ہزار شہریوں کے دستخطوں کے مینڈیٹ کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہالا میں این آئی سی وی ڈی کا قیام ناگزیر ہے، کیونکہ یہاں دل کے امراض کا علاج ممکن نہیں۔
سول سوسائٹی کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور محکمہ صحت کے وزیر سے مطالبہ کیا کہ تعلقہ اسپتال ہالا میں فوری طور پر NICVD یونٹ قائم کیا جائے، ایمرجنسی سہولیات میں اضافہ کیا جائے اور دل کے مریضوں کو 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں۔



