سکھر:یوسی7اور9 میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر،گٹروں کا پانی جمع،عوام کا احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ)جئے شاہ ٹاؤن کی یوسی7اور یوسی9میں2 ماہ سے گھروں میں گٹر کا گندا پانی جمع ہونے اور علاقے میں گندگی کے ڈھیروں کیخلاف عوام سڑکوں پر آگئے۔احتجاج کی قیادت سکھر شہری اتحاد کے چیئرمین مولانا عبیداللہ بھٹو ابنِ آزاد، مولانا ذوالفقار علی مہر، ایاز احمد شیخ اور دیگر رہنماؤں نے کی۔

رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کئی سال سے علاقے میں گندگی، ٹوٹی پھوٹی نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بچھائی گئی پانی کی لائن پہلے ہی تین بار پھٹ چکی ہے، جس کے باعث گھروں میں دو سے تین فٹ تک گندا پانی کھڑا ہے۔ گندگی اور تعفن کے باعث معصوم بچے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ متعلقہ نمائندے صورتحال سے بے خبر اور لاتعلق دکھائی دیتے ہیں۔

احتجاجی مظاہرین کے یوسی7کے چیئرمین ممتاز اعوان اور یوسی9کے چیئرمین اظہر اعوان پر سنگین الزامات

مظاہرین نے یوسی7کے چیئرمین ممتاز اعوان اور یوسی9کے چیئرمین اظہر اعوان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ وہ صرف غریب شہریوں کو ہراساں کرنے، ان کی زمینوں پر قبضہ کرنے اور انہیں دھمکیاں دینے میں مصروف ہیں، جبکہ عوام کی مشکلات پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ وہ اس جدید دور میں بھی جانوروں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جبکہ ان کے منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے بنیادی مسائل فوری حل نہ کیے گئے تو وہ یوسی چیئرمینوں کے گھروں کے باہر کالا توا لٹکا کر بھرپور احتجاج کریں گے۔مظاہرین نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر نکاسی آب، صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے دیرینہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button