سکھر: واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کانجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، پورے ملک کی بجلی بند کرنے کی دھمکی

سکھر(جانو ڈاٹ پی کے)سکھر واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین نے نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو پورے ملک میں بجلی کا بریک ڈاؤن کر دیں گے اور ملک گیر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے سیپکو ریجن سکھر کی جانب سے مطالبات کے حق میں سکھر پریس کلب کے سامنے دھرنا دیکر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت ریجنل وائس چیئرمین عقیل احمد جونیجو، ریجنل سیکریٹری حاجی خلیل الرحمٰن ڈومکی،شجاعت حسین گھمرو،نظر محمد میمن، مقصود احمد ملاح،شمس الدین، عقیل احمد دایو، اشفاق احمد مہر، عبد الخالق ساوند، جاوید احمد عباسی سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔
رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کمپنیوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔حکومت ملازمین کو جبری برطرف کرکے، ان کے بچوں کو نوکریاں نہ دے کر اور تنخواہوں میں غیر منصفانہ فرق برقرار رکھ کر مسائل بڑھا رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھرتیاں فوری بحال کی جائیں، پیپکو احکامات کے تحت پینل اسپتالوں سے فوری معاہدے کئے جائیں،جب کہ لائن اسٹاف کو حادثات سے بچانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اس کے ساتھ فیلڈ اسٹاف کو گاڑیاں، بکیٹ، ٹی اینڈ پی اور پی پی ای فراہم کی جائیں، جبکہ میٹر ریڈرز کو سنیپ الاؤنس اور اپ گریڈیشن دی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ’’دمادم مست قلندر‘‘ ہوگا۔ اور ملک گیر احتجاج اور بجلی کا بریک ڈاؤن کیا جائے گا، اور جب تک حکومت نجکاری کے فیصلے کا نوٹیفکیشن واپس نہیں لیتی، احتجاجی مظاہرے اور دھرنوں کا سلسلا جاری رہے گا۔



