سرگودھا شاہرات پر شہریوں کی خدمت، تحفظ اور قوانین کی پاسداری کیلئے پی ایچ پی متحرک ہے، ایس پی مدثر اقبال

سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے) ایس پی پٹرولنگ پولیس سرگودھا ریجن چوہدری مدثر اقبال گجر نے کہا ہے کہ پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) شہریوں کی خدمت، تحفظ اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے شاہرات پر شب و روز سرگرم عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایچ پی سرگودھا ریجن کی اکتوبر 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کیا۔

رپورٹ کے مطابق ماہِ اکتوبر کے دوران پی ایچ پی نے روڈ سیفٹی کے حوالے سے 1378 آگاہی لیکچرز دیے جبکہ دورانِ چیکنگ 70 اشتہاری و عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ ای پولیس ایپ کے ذریعے 4 لاکھ 87 ہزار 781 افراد اور 3 لاکھ 21 ہزار 471 گاڑیوں وموٹرسائیکلز کی چیکنگ کی گئی۔ایکسل لوڈ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف نوعیت کے 55 ہزار 684 چالان کیے گئے، جن کی مد میں حکومت کو 3 کروڑ 55 لاکھ ایک ہزار روپے کا ریونیو حاصل ہوا۔ اسپیشل اسپیڈ کیمرہ چیکنگ ٹیم نے 528 اوور اسپیڈ گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جبکہ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 288 مقدمات درج کیے گئے۔مزید برآں، شہریوں کی سہولت کے لیے 1226 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے اور 3 گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ شاہرات پر سفر کرنے والے 3312 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد و رہنمائی فراہم کی گئی۔ پولیس خدمت مراکز پر 3512 شہریوں کو لرنر لائسنس اور دیگر سہولیات مہیا کی گئیں۔

ماہ اکتوبر کے دوران 5 مختلف اقسام کے اسلحہ و منشیات برآمد کیے گئے جن میں رائفلز اور غیر قانونی ہتھیار شامل ہیں۔

ایس پی پٹرولنگ مدثر اقبال گجر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے لیے خلوص نیت سے فرائض سر انجام دیں۔ عوامی حلقوں نے پی ایچ پی سرگودھا ریجن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایس پی مدثر اقبال گجر اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں

Back to top button