والدہ انتقال سے قبل پانی مانگتی رہ گئیں لیکن میں نہیں دے سکا، ارشد وارثی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی نے پہلی بار والدہ کے آخری لمحات کا تذکرہ کردیا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار ارشد وارثی نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور کہا کہ والدہ انتقال سے قبل مجھ سے پانی مانگتی رہیں لیکن میں انہیں پانی نہ دے سکا۔
انہوں نے نوعمری میں والدین کو کھونے کا دردناک قصہ بھی شیئر کیا جس پر وہ آج بھی خود کو مجرم سمجھتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ میں صرف 14 سال تھا جب والدہ اور والد یکے بعد دیگرے مختصر عرصے میں مجھے چھوڑ گئے جس کی وجہ سے میں بہت جلد بڑا ہوگیا۔
ارشد وارثی نے والدہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ والدہ گردے کے عارضے میں مبتلا اور ڈائیلاسز پر تھیں، ڈاکٹروں نے گھر والوں کو ہدایت کی تھی کہ ہم انہیں پینے کے لیے پانی نہ دیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ جس رات والدہ کا انتقال ہوا اس رات وہ مجھ سے پانی مانگتی رہیں لیکن ڈاکٹروں کی بات پر عمل کرتے ہوئے میں نے انہیں پانی نہیں پلایا اور انہیں کہا کہ ڈاکٹر نے منع کیا ہے اور اسی رات وہ انتقال کرگئیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے آج بھی کہیں نہ کہیں اس بات کا پچھتاوا ہے، لیکن اگر میں اس رات انہیں پانی پلا دیتا اور پھر ان کا انتقال ہوجاتا تو اس وقت شاید میں وہ برداشت نہ کر پاتا۔
اداکار نے کہا کہ اب جب میں ماضی کے بارے میں سوچتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اس رات مجھے انہیں پانی دینا چاہیے تھا۔
ارشد وارثی کے مطابق والدین کے انتقال کے بعد میری زندگی راتوں رات بدل گئی، والد کو مالی مسائل کا سامنا تھا۔ ہم بڑے گھر سے چھوٹے گھر میں منتقل ہوگئے تھے اور والدین کے انتقال نے مجھے توڑ کر رکھ دیا تھا۔



