بدین:جماعتِ اسلامی کےزیراہتمام کسانوں کیساتھ ہونیوالی زیادتیوں کیخلاف احتجاجی ریلی اور دھرنا
حکومت کی غلط زرعی پالیسیوں کے باعث کسانوں کا استحصال جاری ہے، کاشف سعید شیخ

بدین (jano.pk)جماعتِ اسلامی کسان بورڈ سندھ کے زیرِ اہتمام کسانوں اور کاشتکاروں کے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کے خلاف بدین میں احتجاجی ریلی اور دھرنا دیا گیا۔ ریلی کی قیادت امیر جماعتِ اسلامی سندھ کاشف سعید، علی مردان شاہ، عبد الکریم بلیدی، اللہ وسایو ہالیپوٹو و دیگر رہنماؤں نے کی، جبکہ کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔
حکومت کی غلط زرعی پالیسیوں کے باعث کسانوں کا استحصال جاری ہے، کاشف سعید شیخ
ریلی بدین پریس کلب پہنچی جہاں شرکاء نے دھرنا دے کر حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ کے کسان بدترین معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔ بیج، کھاد، پانی اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ کسانوں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط زرعی پالیسیوں کے باعث کسانوں کا استحصال جاری ہے، مڈل مین منڈیوں میں کسانوں سے ان کی محنت کا حق چھین رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعتِ اسلامی سندھ نے صوبائی امیر کی اپیل پر آج صوبے بھر میں کسانوں کے حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے ہیں، جن میں ہزاروں کسانوں نے شرکت کر کے اپنے حقوق کے حصول کے لیے آواز بلند کی۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گنے، کپاس، گندم اور دھان سمیت تمام فصلوں کے منصفانہ نرخ مقرر کرے اور ادائیگی کے نظام میں شفافیت لائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور جب تک ان کے حقوق نہیں ملتے، جدوجہد جاری رہے گی۔ اگر حکومت نے اپنا کردار درست طور پر ادا نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا



