جسٹن ٹروڈو اور کیٹی پیری کی وائرل تصاویر پر سابقہ اہلیہ کا ردعمل

ٹارنٹو(jano.pk)کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی گلوکارہ کیٹی پیری کے ساتھ وائرل تصاویر پر سابقہ اہلیہ صوفی گریگوئر کا ردعمل آگیا۔فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صوفی نے جسٹن ٹروڈو کی کیٹی پیری کے ساتھ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر کے دو دن بعد معنی خیز پوسٹ شیئر کی ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کبھی کبھی ہم بھول جاتے ہیں کہ ہم جس چیز سے پیار کرتے ہیں وہ ہمارے پاس ہمیشہ نہیں رہے گی۔صوفی نے لکھا کہ لوگ، جگہیں، یہاں تک کہ وہ لمحات جن کے بارے میں ہمیں لگتا ہے کہ ہم ان لمحوں کو ہمیشہ جیتے رہیں گے مگر وقت ہمیں ان میں کھو جانے سے منع کرتا ہے لیکن ہم پھر بھی وقت کی نہیں سنتے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ لیکن محبت کسی چیز پر قابض ہونا نہیں ہے بلکہ یہ ہمیشہ سے زندگی میں کسی کی موجودگی کے بارے میں ہے اس لیے جب زندگی کے ایسے یادگار لمحوں اور قریبی تعلقات کو چھوڑ کر جب ہم آگے بڑھ جاتے ہیں تو وہ لمحات ہمارے لیے زندگی کا ایک سبق بن جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ کیٹی پیری نے جولائی میں اپنے منگیتر اورلینڈو بلوم سے راہیں جدا کرلی تھیں جن سے ان کی ایک 5 سالہ بیٹی ڈییزی ڈوو بلوم ہے۔دوسری جانب جسٹن ٹروڈو نے سنہ 2023 میں اپنی سابقہ اہلیہ صوفی سے 18 سال بعد علیحدگی اختیار کی۔ ان کے 3 بچے ہیں۔



