تحریک لبیک کا لاہور سے اسلام آباد مارچ،شہریوں کو شدید سفری مشکلات

لاہور / اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)تحریک لبیک پاکستان (TLP) کے جانب سے جاری مارچ کے باعث لاہور سے اسلام آباد جانے والے شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف شاہراہوں پر رکاوٹیں، سیکیورٹی بندوبست، اور ٹریفک کی روانی میں خلل کی وجہ سے عوام کو گھنٹوں طویل سفر برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مارچ کے پیش نظر موٹروے اور جی ٹی روڈ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں، جب کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے الرٹ ہیں۔ کئی مقامات پر ٹریفک کو متبادل راستوں کی طرف موڑا جا رہا ہے، جس سے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

عوامی اور نجی ٹرانسپورٹ بھی بند،شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا

شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف دفاتر اور دیگر اہم مقامات تک پہنچنے میں دشواری ہو رہی ہے بلکہ ایمرجنسی صورت حال میں بھی شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ عوامی و نجی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہو چکی ہے، جب کہ متعدد بس سروسز نے عارضی طور پر اپنی سروس معطل کر دی ہے۔

جانو ڈاٹ پی کے کو موصول ہونے والی ایک  ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح سے لوگ گوجرانوالہ میں پریشانی کے عالم میں ٹرین پر سفار ہو رہے ہیں،جی ٹی روڈ کی بندش کے باعث ٹرینوں میں اس قدر رش بڑھ گیا ہے کہ ٹرینو ں میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں۔

جانو ڈاٹ پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کریں۔

مزید خبریں

Back to top button