ٹوکن اور پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف یکم اکتوبر سے سخت کارروائی کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ایکسائز حکام نے ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف یکم اکتوبر سے سخت کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسائز حکام کے مطابق 30 ستمبر تک ٹوکن ٹیکس نادہندگان سے معمول کے مطابق ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، تاہم یکم اکتوبر سے بقایاجات کی وصولی جرمانے کے ساتھ کی جائے گی۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اضافی جرمانے سے بچنے کے لیے 30 ستمبر تک ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائیں۔

حکام کے مطابق پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی پر بھی 30 ستمبر تک 5 فیصد رعایت دی جا رہی ہے، جبکہ یکم اکتوبر سے نادہندگان کے خلاف وصولی کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ کئی سال سے پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والی کمرشل جائیدادوں کے خلاف بھی کارروائی شروع کی جائے گی اور یکم اکتوبر سے بعض ڈیفالٹر کمرشل پراپرٹیز کو سربمہر کرنے کا عمل شروع ہوگا۔

حکام کے مطابق رواں مالی سال ٹیکس وصولیوں کا ہدف 125 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، جس کے حصول کے لیے تمام نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button