پانچ اگست کو احتجاج کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی کا پلان بی تیار
میڈیا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ پانچ اگست کو ....

لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں متبادل حکمت عملی تیار کر لی۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، بڑے احتجاج یا جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں پارٹی نے "پلان بی” کے تحت صوبہ پنجاب کے ہر حلقے میں احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ پانچ اگست کو پنجاب کے تمام قومی اور صوبائی اسمبلی حلقوں میں مقامی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ ان احتجاجی مظاہروں کی ویڈیوز اور تصاویر قیادت کو ارسال کی جائیں گی، تاکہ مرکزی سطح پر ان کی نگرانی کی جا سکے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، پانچ اگست کے بعد لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں احتجاج کی نئی کال بھی دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے ڈویژنل سطح پر پارٹی تنظیموں اور ٹکٹ ہولڈرز کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسی سطح پر تنظیم سازی کو جلد مکمل کر کے مرکزی قیادت کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جو عہدیدار احتجاج میں شرکت سے گریز کریں گے، ان کے خلاف تنظیمی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب، پنجاب حکومت کی جانب سے مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت دیے جانے کا تاحال امکان نہیں، جس کے پیشِ نظر پارٹی کی متبادل حکمت عملی پر تیزی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔



