وادی تیراہ: فتنہ الخوارج کی فائرنگ سے پُرامن شہریوں کی شہادت، وزیراعظم کا اظہار مذمت
یہ فائرنگ تحریک طالبان پاکستان (فتنۂ الخوارج) سے وابستہ دہشتگردوں کی جانب سے کی گئی۔

اسلام آباد (نیوز ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے علاقے باغ میدان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے بےگناہ اور پرامن شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے مکروہ عزائم پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، ریاست فتنۂ الخوارج اور دہشتگردی کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ واقعہ قابل افسوس اور ناقابل برداشت ہے، بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ضلع ٹانک کے گاؤں رغزئی میں ایک مارٹر گولہ گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹانک-جنوبی وزیرستان روڈ کو بند کر دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ واقعے کے ذمہ داروں کی فوری شناخت کی جائے اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اسی نوعیت کا ایک اور واقعہ ایک روز قبل بھی پیش آیا، جب ایک مارٹر گولہ ایک گھر پر آ گرا، جس میں ایک کمسن لڑکی جاں بحق ہوئی۔
یہ فائرنگ تحریک طالبان پاکستان (فتنۂ الخوارج) سے وابستہ دہشتگردوں کی جانب سے کی گئی۔
علاقے میں کشیدگی برقرار ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہے۔



