روپے کی قدر میں کمی سے بڑے آبی منصوبوں کی لاگت میں اربوں روپے کااضافہ،بھاشا ڈیم642ارب مہنگاہوگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کے اثرات بڑے ترقیاتی منصوبوں پر بھی پڑنے لگے، دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔
وزارت آبی وسائل نے منصوبوں کی لاگت میں اضافے کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں، جن کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کے پی سی ون کی لاگت 479 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 121 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جس میں 642 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔وزارت آبی وسائل کے مطابق غیر ملکی کرنسی کے تبادلے کی شرح میں تبدیلی کے باعث منصوبے کی لاگت بڑھی ہے، جبکہ اس کا نیا پی سی ون وزارت میں جمع کروا دیا گیا ہے۔دوسری جانب داسو ہائیڈرو پاور منصوبے کی لاگت بھی 486 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 740 ارب روپے تک جا پہنچی ہے۔ اس طرح منصوبے کی مجموعی لاگت میں 260 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔



