بجلی2روپے56پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان،صارفین پر32ارب70کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کے حکام نے مؤقف اختیار کیا کہ عالمی مارکیٹ میں آر ایل این جی سمیت مختلف ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کوئلہ بھی 15 ڈالر فی ٹن مہنگا ہوگیا ہے۔

سی پی پی اے حکام کے مطابق آر ایل این جی کے اسپاٹ کارگوز کی قیمت 28 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ چکی ہے۔ مہنگی بولیاں موصول ہونے کے باعث ایل این جی اسپاٹ کارگوز کی خریداری کا عمل منسوخ کردیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ اسپاٹ کارگوز کے لیے 27 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی تھی، تاہم دیگر اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی لاگت 33 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ رہی تھی۔ ایندھن کی لاگت میں اضافے کے باعث بجلی کی قیمت بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔

سی پی پی اے نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 56 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 32 ارب 70 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔ تاہم اضافے کا حتمی فیصلہ نیپرا کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button