تھرپارکر میں قیامت خیز حادثہ، ایمبولینس میں دھماکے سے 10 زندگیاں ختم

تھرپارکر (جانو ڈاٹ پی کے) ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر کا دھماکا، نومولود سمیت 10 افراد جاں بحق، 4 زخمی
ضلع تھرپارکر کی تحصیل نگرپارکر کے گاؤں ڈانو دھاندل میں واقع رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) کی ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے سے المناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں نومولود بچے سمیت 10 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
حکام اور اسپتال ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ 28 اکتوبر کی رات تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا، جب اسپتال میں کھڑی ایمبولینس کے اندر آکسیجن سلنڈر تبدیل کیا جا رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوا، جس کے بعد ایمبولینس میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد اس حادثے کی زد میں آگئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مٹھی منتقل کیا گیا، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال نگرپارکر پہنچائی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق ہنگامی صورت حال کے باعث ابتدا میں لاشوں کی شناخت میں مشکلات پیش آئیں، تاہم جمعرات کی صبح ورثا کی آمد کے بعد تمام جاں بحق افراد کی شناخت مکمل کرلی گئی۔
جاں بحق ہونے والوں میں پردیپ میگھواڑ، محمد وارث کے بیٹے اسحاق اور پاندھی، لچھمن میگھواڑ، تنومل میگھواڑ کے بیٹے دینومل، کھینرو میگھواڑ کے بیٹے جسونت، رام جی کی اہلیہ کریمان، سریش میگھواڑ کی اہلیہ لاڈو، راجوبائی اور ایک نومولود بچہ شامل ہیں۔
ایس ایس پی تھرپارکر کے مطابق ابتدائی معلومات میں واقعے کا تعلق گیس سلنڈر سے بتایا جا رہا ہے، تاہم حادثے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔ پولیس متعلقہ ماہرین اور تکنیکی ٹیموں کی مدد سے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حتمی نتائج سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
اس المناک سانحے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔ واقعے نے صحت مراکز میں آکسیجن سلنڈروں، ایمبولینسوں اور دیگر ہنگامی طبی آلات کے حفاظتی انتظامات پر بھی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔



