ایران پر حملے کی مخالفت، نیتن یاہو کا اسرائیلی آرمی چیف کو عہدے سے ہٹانے پر غور

تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) ایران پر ممکنہ حملے کے معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور فوجی قیادت کے درمیان اختلافات سامنے آگئے، اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق انتخابات میں دوبارہ کامیابی کی صورت میں نیتن یاہو آرمی چیف ایال زمیر کو عہدے سے برطرف کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران پر حملے کے منصوبے کے حوالے سے موساد کے سربراہ اور اسرائیلی آرمی چیف کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ موساد کے سربراہ ایران پر حملے کے نیتن یاہو کے منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ آرمی چیف ایال زمیر نے اس کی مخالفت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق موساد کے بعض سینئر حکام نے بھی ایران پر حملے کے وقت اور اسرائیلی انتخابات پر اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ہارٹز کے مطابق نیتن یاہو کو ایران پر حملے کے معاملے پر فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زمیر کی مخالفت کا سامنا ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ اگر نیتن یاہو دوبارہ اقتدار میں آتے ہیں تو وہ آرمی چیف کو عہدے سے ہٹانے کے امکان پر غور کر سکتے ہیں۔
تاہم آرمی چیف کی ممکنہ برطرفی سے متعلق یہ خبر اسرائیلی اخبار کی رپورٹ پر مبنی ہے، اسے کسی حتمی فیصلے کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔



