پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے دورے امریکی دھمکیوں کی ناکامی کا ثبوت ہیں، محسن رضائی

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے حکام کے دورے اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکی دھمکیاں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو رہی ہیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔
اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب مسائل کا حل باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں میں دیکھتے ہیں۔ ان کے مطابق خطے میں پائیدار سلامتی کا قیام علاقائی ممالک کے باہمی اشتراک سے ہی ممکن ہے۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ علاقائی ممالک کے درمیان تعاون کا عمل بہت پہلے شروع ہو جانا چاہیے تھا۔ مغربی ایشیا میں امن و استحکام قائم کرنے کی ذمہ داری خطے کے ممالک کے ہاتھ میں ہونی چاہیے تاکہ وہ اپنے مسائل خود حل کر سکیں۔
محسن رضائی نے علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے اور امن کے قیام کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔



