پاکستان اور ترکمانستان کا دینی تعلیم، قرآنی علوم کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)ترکمانستان کے چیف امام اور سابق مفتی اعظم یالکپ ہوجاگلیوو نے وفد کے ہمراہ وزارتِ مذہبی امور کا دورہ کیا، جہاں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور دینی تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مذہبی تعلیم، دینی علوم اور قرآنی تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا نے کہا کہ پاکستان کے عصری تعلیمی اداروں میں یونیورسٹی کی سطح تک دینی اور قرآنی علوم کی تعلیم دی جاتی ہے۔ پاکستان اور ترکمانستان پہلے ہی ثقافتی اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں، جبکہ مذہبی علوم کی ترویج میں باہمی تعاون سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
ابرار احمد مرزا نے مزید کہا کہ پاکستانی علما اور مذہبی اسکالرز دنیا کے نامور اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔



