فیشن ویک میں عفت عمر کے ساتھ دلچسپ واقعہ، ناک پر چپکے سنہری ٹکڑے نے نتھ کا روپ دھار لیا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کی معروف اداکارہ و میزبان عفت عمر لاہور میں منعقدہ لام فیشن ویک سیزن 2 کے دوران پیش آنے والے ایک غیر متوقع واقعے کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔

عفت عمر سنہری ساڑھی پہنے معروف فیشن ڈیزائنر نیلوفر شاہد کے ہمراہ اسٹیج پر موجود تھیں اور اپنے مخصوص انداز میں تاثرات کا اظہار کر رہی تھیں کہ اسی دوران جشن کے لیے استعمال ہونے والے پارٹی پاپر کا ایک سنہری ٹکڑا اڑ کر ان کی ناک پر چپک گیا۔

دلچسپ صورتِ حال یہ تھی کہ اداکارہ کو ابتدا میں اس کا احساس ہی نہ ہوا اور وہ معمول کے مطابق اپنے انداز میں مگن رہیں۔ سنہری ٹکڑا ان کے لباس سے ہم آہنگ دکھائی دے رہا تھا، جس سے یوں محسوس ہوتا تھا جیسے انہوں نے بڑی سنہری نتھ پہن رکھی ہو۔

اس دوران نیلوفر شاہد بھی اس منظر پر کچھ غیر آرام دہ دکھائی دیں۔ بعدازاں جب عفت عمر کو ناک پر چپکے ٹکڑے کا احساس ہوا تو انہوں نے اسے آہستگی سے ہٹا دیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اداکارہ کے تاثرات اور اس غیر متوقع صورتِ حال پر مزاحیہ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ فیشن ویک کا یہ دلچسپ لمحہ تقریب کی دیگر سرگرمیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button