دھمکیوں کے باوجود امیتابھ بچن مداحوں سے ملنے گھر سے باہر آگئے، ممبئی میں سیکیورٹی سخت

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن حالیہ دھمکی آمیز ای میلز اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کے بعد اپنے مداحوں سے ملاقات کے لیے گھر سے باہر آگئے، جہاں انہوں نے ہاتھ ہلا کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل ممبئی کے میئر کے دفتر کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی، جس میں امیتابھ بچن کے بنگلے سمیت دیگر مقامات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اداکار کی رہائش گاہ ’جلسہ‘ کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے۔
اتوار کے روز امیتابھ بچن نے اپنی دیرینہ روایت برقرار رکھتے ہوئے اپنے صاحبزادے اور اداکار ابھیشیک بچن کے ہمراہ گھر کے باہر آکر مداحوں کا خیرمقدم کیا۔ دونوں اداکاروں نے ہاتھ ہلا کر مداحوں کی محبت کا جواب دیا اور ان کی موجودگی پر اظہارِ تشکر کیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امیتابھ بچن نے اپنی صحت کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ تاہم اب وہ بتدریج اپنے معمولات کی جانب واپس آ رہے ہیں۔
دھمکی آمیز ای میلز کے بعد سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے جانے کے باوجود امیتابھ بچن کا مداحوں کے سامنے آنا ان کے ساتھ طویل عرصے سے قائم تعلق اور محبت کی روایت کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔



