نئے انتظامی یونٹس کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور اب اس سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے انتظامی یونٹس سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آئندہ چند روز میں شاہراہِ فیصل پر کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع منعقد کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے عوام نئے انتظامی یونٹس کے حق میں اپنی رائے کا اظہار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تحریک کراچی سمیت پاکستان کے عوام کو عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق دلانے کی جدوجہد ہے۔ کراچی ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے، لیکن اس کے باوجود شہری پینے کے صاف پانی، بجلی، پبلک ٹرانسپورٹ، ہسپتالوں میں ادویات اور بچوں کے لیے معیاری تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وہ اور آنے والی نسلیں اس ملک میں عزت اور سہولتوں کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ اب تمام اسٹیک ہولڈرز کو تسلیم کرنا ہوگا کہ موجودہ نظام کے تحت پاکستان مزید ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ناگزیر ہو چکا ہے، اس لیے اس معاملے پر سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما انیس قائم خانی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا کارکن بکاؤ مال نہیں ہے اور انہیں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی تحریک کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔
انہوں نے کارکنوں کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک اپنے مقاصد کے حصول کے لیے جاری رہے گی۔



