مری میں خوفناک ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

مری (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے سیاحتی علاقے مری میں گاڑی کھائی میں گرنے اور سلنڈر پھٹنے سے آگ لگنے کے افسوسناک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

حادثے میں محفوظ رہنے والی خاتون نگہت بی بی نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی میں مجموعی طور پر 17 افراد سوار تھے۔ ان کے مطابق گاڑی اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے بعد سلنڈر پھٹنے سے گاڑی میں آگ لگ گئی۔

نگہت بی بی کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے باعث حادثے میں جانی نقصان ہوا جبکہ جاں بحق ہونے والے بعض افراد کی میتیں ناقابل شناخت ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے اطلاعات میں تضاد سامنے آیا ہے۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق 7 افراد زخمی ہوئے، جبکہ دوسری اطلاع میں 8 زخمیوں کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیے جانے کا بتایا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

حادثے کے بعد علاقے میں افسوس اور سوگ کی فضا پھیل گئی، جبکہ واقعے میں جانی نقصان کی تفصیلات سامنے آ رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button