بلاول بھٹو کی انگلینڈ کے خلاف فتح پر قومی ٹیم کو مبارکباد، شاداب خان اور حارث رؤف کی شاندار کارکردگی کو سراہ لیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے شاداب خان اور حارث رؤف کی کارکردگی کو قابلِ فخر قرار دیا ہے۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آخری وکٹ پر شاندار شراکت قائم کرکے پاکستان کو فتح دلانے پر شاداب خان اور حارث رؤف شاباش کے مستحق ہیں۔ شاداب خان کی ناقابلِ شکست سنچری اور حارث رؤف کے ساتھ ان کی یادگار شراکت قومی کرکٹ کی تاریخ کا قابلِ فخر لمحہ ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مشکل ترین صورتحال میں ہمت نہ ہارنا پاکستانی ٹیم کے جذبے، حوصلے اور عزم کا مظہر ہے۔ قومی کھلاڑیوں نے ثابت کیا کہ محنت، خود اعتمادی اور ثابت قدمی کے ذریعے ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے شاہین شاہ آفریدی سمیت دیگر بولرز کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عمدہ بولنگ کے ذریعے پاکستان کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے قومی ٹیم کو ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں رسائی پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی آئندہ بھی اسی جذبے اور محنت کے ساتھ ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔



