پنجاب میں فلمی صنعت کی بحالی کے لیے بڑا قدم، جدید فلم سٹی تیار

پنجاب کے پہلے جدید فلم سٹی کا 15 دسمبر کو افتتاح، پنجابی فلموں پر 35 اور اردو فلموں پر 20 فیصد ریبیٹ دینے کا فیصلہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب میں فلمی صنعت کی بحالی اور جدید فلم سازی کے فروغ کے لیے فلم سٹی کے آغاز کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جس کا افتتاح 15 دسمبر کو ہوگا۔ منصوبے کا مقصد لاہور کو دوبارہ فلم انڈسٹری کا اہم مرکز بنانا اور فلم سازوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت پنجاب فلم اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں فلمی صنعت کی ترقی، فلم سازی کے لیے مراعات اور نئے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں بننے والی پنجابی فلموں کو 35 فیصد جبکہ اردو فلموں کو 20 فیصد ریبیٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پنجاب اور پاکستان کے پہلے رائلٹی قانون کی تیاری کی بھی منظوری دی گئی، جسے پنجاب فلم اتھارٹی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فلم اینڈ میوزک اسکول، فلم ٹریڈنگ ہاؤس، پوسٹ پروڈکشن سہولت، اسٹوڈیو کمپلیکس، جدید فلم اسٹوڈیوز اور پاکستان کا سب سے بڑا کنونشن سینٹر قائم کرنے کے منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

مالی سال 2026-27 کے لیے فلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزے کے لیے فنانسنگ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ اتھارٹی کی 53 منظور شدہ آسامیوں میں سے پہلے مرحلے میں 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ بھرتیوں اور برطرفیوں کے اختیارات بورڈ کے پاس ہوں گے۔

اجلاس میں چھ مختلف کمیٹیوں کے قیام، پنجاب فلم فنڈ کمیٹی کی تشکیل، پرانے سینما گھروں کی بحالی، سولر سسٹم کی تنصیب اور عوام کو کم قیمت پر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button