ملائیکہ اروڑا برقع پہن کر شیخ زاید گرینڈ مسجد پہنچ گئیں، تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

ابوظہبی(جانو ڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل ملائیکہ اروڑا کے ابوظہبی میں واقع شیخ زاید گرینڈ مسجد کے دورے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ اداکارہ اس موقع پر برقع پہنے اور سر ڈھانپے نظر آئیں، جبکہ انہوں نے اپنے دورے کی جھلکیاں انسٹاگرام پر بھی شیئر کیں۔
ملائیکہ اروڑا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ کچھ مقامات انسان کو ٹھہر کر سوچنے پر مجبور کرتے ہیں، جبکہ بعض جگہیں دل کو چھو لیتی ہیں۔ ان کے مطابق شیخ زاید گرینڈ مسجد ایسی جگہ ہے جہاں یہ دونوں احساسات بیک وقت جنم لیتے ہیں۔
اداکارہ کے دورے کے دوران یوگا پریکٹیشنر اور کاروباری شخصیت سرویش ششی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دونوں کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں، تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی ان خبروں کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
ملائیکہ اروڑا اس سے قبل بھی اپنی نجی زندگی اور تعلقات کے باعث خبروں میں رہی ہیں۔ اداکار ارجن کپور سے علیحدگی کے بعد بھی ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے اور قیاس آرائیاں سامنے آتی رہی ہیں۔



