خیبرپختونخواکیلئے160ارب روپے فوری جاری کرنےکافیصلہ،12اضلاع میں6ماہ کےاندردہشتگردی کے خاتمے کاہدف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں قیامِ امن، بحالی اور تعمیر و ترقی کے لیے 160 ارب روپے فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کے لیے اس رقم کا اعلان کیا گیا تھا اور بہت جلد فنڈز خیبرپختونخوا کے حوالے کر دیے جائیں گے۔
طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ یہ رقم قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت ملنے والے حصے کے علاوہ ہوگی۔ فنڈز تین بڑے شعبوں میں خرچ کیے جائیں گے، جن میں امن و امان کے ذمہ دار اداروں، بالخصوص پولیس کی استعدادِ کار میں اضافہ، صحت، تعلیم اور صفائی و نکاسی آب کی سہولیات میں بہتری، اور تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں نامکمل رہ جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل شامل ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق 160 ارب روپے میں سے نصف رقم دہشت گردی سے شدید متاثرہ اضلاع پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے چھ ماہ کے دوران خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جائیں گی اور مقامی آبادی کی نقل مکانی ان آپریشنز کا حصہ نہیں ہوگی۔ ان علاقوں کو دہشت گردوں سے کلیئر کرنے کے بعد انتظامی معاملات سول انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں گے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ وہ ان علاقوں کا کنٹرول سنبھال سکے اور دہشت گرد دوبارہ وہاں کارروائیاں نہ کر سکیں۔ ان کے بقول پائیدار امن ہی تعمیر و ترقی کی بحالی کا راستہ ہے اور حکومت صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اقدامات کرے گی۔



