آر فور اجلاس میں سعودی عرب کے حق میں اہم سفارتی پیش رفت،پاکستان،ترکیہ،مصراورسعودی عرب کاحوثی حملوں کی مذمت پر اتفاق

استنبول (جانو ڈاٹ پی کے)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے شہر استنبول میں علاقائی ممالک کے فورم آر فور کے چھٹے وزارتی اجلاس میں شرکت کی، جس میں پاکستان، ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شریک ہوئے۔

اجلاس میں ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے شرکت کی۔ شرکا نے نیویارک میں ہونے والے گزشتہ اجلاس کے بعد خطے میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چاروں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی مذمت کی گئی اور تمام ریاستوں کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں علاقائی ہم آہنگی مضبوط بنانے اور خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چاروں ممالک نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button