پی ٹی آئی میں نئی ہلچل، مشعال یوسفزئی نے پارٹی گروپس چھوڑنے کی تصدیق کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سینیٹر مشعال یوسفزئی نے پارٹی کے گروپس چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ فیصلہ خود کیا ہے۔ گزشتہ چند روز سے ان کی جانب سے پارٹی قیادت پر تنقید بھی کی جارہی تھی۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی جانب سے مشعال یوسفزئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشعال یوسفزئی نے کہا کہ انہوں نے پارٹی گروپس خود چھوڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی ناکامی پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی جارہی، جبکہ بانی چیئرمین کی بہنیں جیل میں ہیں۔

مشعال یوسفزئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی بھی جیل میں ہیں، لیکن ان کی رہائی کے لیے کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کیا جارہا۔ ان کے مطابق بانی چیئرمین سے ملاقات بھی نہیں ہو پارہی۔

پی ٹی آئی رہنما نے پارٹی قیادت پر زور دیا کہ وہ ان معاملات پر جلد واضح لائحہ عمل بنائے۔ ان کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پارٹی کے اندر لانگ مارچ کی حکمت عملی، قیادت کے فیصلوں اور بانی چیئرمین سے ملاقاتوں کے معاملے پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button