ایران اور عراق جانے والے زائرین محتاط ہوجائیں، وزارتِ مذہبی امور کی ایڈوائزری
ایران اور عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے اہم ہدایت، وزارتِ مذہبی امور نے سفری ایڈوائزری جاری کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ مذہبی امور نے پاکستانی زائرین اور زیارت گروپ آرگنائزرز کے لیے نئی سفری ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے ایران اور عراق جانے والے مسافروں کو روانگی سے قبل پروازوں کی تصدیق یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزارت کے ترجمان کے مطابق تہران، مشہد اور نجف کے درمیان سفر کرنے والے زائرین اپنی پروازوں کی پیشگی تصدیق ضرور کریں اور غیر یقینی پروازوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔ مسافروں کو متبادل سفری انتظامات پہلے سے یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پرواز منسوخ ہونے کی صورت میں متبادل زمینی یا فضائی سفر اور رہائش کے اخراجات کے لیے اضافی رقم اپنے ہمراہ رکھیں تاکہ کسی ہنگامی صورت حال میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزارتِ مذہبی امور نے رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کو بھی غیر مصدقہ ایرانی پروازوں پر انحصار نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ گروپ آرگنائزرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ تمام زائرین کو ایڈوائزری سے مکمل طور پر آگاہ کریں تاکہ ان کا سفر محفوظ اور بلاتعطل رہے۔



