12 سالہ بچی کو بلیک میل کرنے اور نازیبا تصاویر شیئر کرنے پر 2 ملزمان کو 10، 10 سال قید

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 12 سالہ بچی کو بلیک میل کرنے اور اس کی نازیبا تصاویر شیئر کرنے کے مقدمے میں دو ملزمان کو مجموعی طور پر 10، 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
کیس کا فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے سنایا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت قید اور جرمانے کی سزائیں سنائیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق سیکشن 22 کے تحت دونوں ملزمان کو 7، 7 سال قید اور جرمانے کی سزا دی گئی، جبکہ سیکشن 24 کے تحت بھی دونوں ملزمان کو 3، 3 سال قید اور 10، 10 لاکھ روپے جرمانے کا حکم دیا گیا۔
مقدمہ کم سن بچی کے والد کی مدعیت میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے درج کیا تھا۔ عدالت نے شواہد اور مقدمے کی سماعت کے بعد دونوں ملزمان کو سزا سنائی۔



