شاہ چارلس کا عمانی سلطان کا پرتپاک استقبال، خطاب میں صحیح مسلم کی حدیث بھی پڑھ دی

لندن (ویب ڈیسک) برطانیہ کے شاہ چارلس نے عمان کے سلطان ہیثم بن طارق کا سرکاری دورۂ برطانیہ کے موقع پر استقبال کیا۔ یہ عمانی سلطان کا 44 سال بعد برطانیہ کا پہلا سرکاری ریاستی دورہ ہے۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ چارلس نے صحیح مسلم کی ایک حدیث عربی زبان میں پڑھی اور عمان کے عوام کے اچھے کردار اور خوش اخلاقی کو سراہا۔
شاہ چارلس کی جانب سے پڑھی گئی حدیث کا مفہوم تھا: ’’اگر تم عمان کے لوگوں کے پاس جاتے تو وہ نہ تمہیں گالی دیتے اور نہ تمہیں مارتے۔‘‘ اس حوالے سے شاہ برطانیہ نے عمانی عوام کی رواداری اور حسنِ اخلاق کی تعریف کی۔
اپنے خطاب میں شاہ چارلس نے آبنائے ہرمز کو کھلوانے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے عمان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔
سلطان ہیثم بن طارق کا یہ دورہ برطانیہ اور عمان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سفارتی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔



