سانگھڑ میں حیران کن واقعہ، ایک شخص نے مبینہ طور پر 4 افراد کو دانتوں سے کاٹ کر زخمی کر دیا

سانگھڑ (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) سندھ کے شہر سانگھڑ میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر چار افراد کو دانتوں سے کاٹ کر زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ سانگھڑ شہر میں ایک نجی بینک کے سامنے پیش آیا، جہاں چند افراد کھڑے تھے کہ اچانک ایک شخص نے ان پر حملہ کردیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر افراد کو دانتوں سے کاٹ کر زخمی کیا اور پھر وہاں سے فرار ہوگیا۔
واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سانول یونس اور یاسین انور شامل ہیں، جبکہ دیگر دو زخمیوں کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی۔
متاثرہ افراد کے مطابق وہ بینک کے سامنے موجود تھے کہ اچانک ایک شخص وہاں آیا، انہیں دانتوں سے کاٹا اور فرار ہوگیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، جبکہ اس غیر معمولی واقعے نے شہریوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔
شہر میں ایک جانب آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات شہریوں کے لیے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں، تو دوسری جانب انسان کی جانب سے دوسرے انسان کو دانتوں سے کاٹنے کے اس واقعے نے بھی شہریوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔



