سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان کو ملائیشیا کے ہاتھوں2-3 سے شکست

جوہر بارو(جانوڈاٹ پی کے)سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ملائیشیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔

پاکستانی ٹیم 54ویں منٹ تک 1-2 کی برتری حاصل کرنے کے باوجود آخری 6 منٹ میں  ملائیشیا کی جانب سے 2 گولز  کے باعث میچ ہار گئی۔

ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلے گئے میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کرسکیں تاہم دوسرے کوارٹر کے 21ویں منٹ میں ملائیشیا کے ناونیش پانیکر نے گول کرکے میزبان ٹیم کو برتری دلادی۔

پاکستان نے تیسرے کوارٹر میں شاندار واپسی کی اور عدیل نے 36ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا اور پھر 43ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلادی۔

پاکستانی ٹیم میچ کے آخری کوارٹر میں اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کررہی تھی کہ 51ویں منٹ میں رانا ولید کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا جس کے باعث پاکستان کو باقی میچ ایک کھلاڑی کی کمی کے ساتھ کھیلنا پڑا۔

ملائیشیا نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 55ویں منٹ میں محمد صالح کے گول کی بدولت مقابلہ 2-1 سے برابر کردیا، جبکہ 57ویں منٹ میں ناونیش پانیکر نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے میزبان ٹیم کو 2-3 کی فیصلہ کن برتری دلادی۔

پاکستان نے آخری لمحات میں مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی تاہم کامیابی نہ مل سکی۔  سلطان آف جوہر ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا اگلا میچ جمعے کو جاپان کے خلاف کھیلے گی۔

مزید خبریں

Back to top button