تھرپارکر میں نایاب پرندوں کا غیر قانونی شکار جاری، وائلڈ لائف محکمہ خاموش تماشائی،فوری کارروائی کا مطالبہ

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے تعلقہ کلوئی کے قریب پراڻ ڈھورو پر معصوم اور نایاب پرندوں کے شکار کا سلسلہ جاری ہونے پر علاقہ مکینوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وائلڈ لائف محکمہ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق شکاریوں کی ایک منظم ٹیم ٹیپ ریکارڈر کے ذریعے پرندوں کی آوازیں چلا کر معصوم پرندوں کو اپنی آواز کی جانب راغب کرکے پھنساتی ہے، جس کے بعد ان کا بے رحمی سے شکار کیا جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تھرپارکر اپنی قدرتی خوبصورتی، جنگلی حیات اور نایاب پرندوں کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے، تاہم پراڻ ڈھورو پر مبینہ طور پر جاری اس غیر قانونی شکار سے پرندوں کی نسلوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا تھرپارکر کے وائلڈ لائف محکمہ کو اس غیر قانونی شکار کا علم نہیں؟ اگر حکام کو اس صورتحال کا علم ہے تو پھر شکاریوں کے خلاف اب تک مؤثر کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ علاقہ مکینوں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت اس شکار کو نہ روکا گیا تو علاقے سے نایاب پرندوں کی نسلیں ہمیشہ کے لیے ختم ہونے کا خدشہ ہے، جس سے قدرتی ماحول اور جنگلی حیات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تھرپارکر کے عوام نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر اور وائلڈ لائف محکمہ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پراڻ ڈھورو پر پرندوں کے شکار کا فوری نوٹس لیا جائے، مبینہ شکاریوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور نایاب پرندوں کے تحفظ کے لیے شکار پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button