مذاکرات کے باوجودایران پردوحملے،ہمیں ہی تنازع کاذمہ دارٹھہراناناانصافی ہے،اسماعیل بقائی

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسماعیل بقائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں الزام عائد کیا کہ حملوں کے دوران مناب کے اسکول میں بچوں اور لامرد میں نوجوان خواتین کو نشانہ بنایا گیا، ایرانی رہنماؤں کو قتل کیا گیا اور ایرانی عوام پر پابندیوں میں مزید سختی کی گئی۔
ایرانی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے 17 جون کو دستخط کیے گئے مفاہمتی معاہدے کو بھی نقصان پہنچایا، لیکن اب عالمی برادری سے ایران کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق تنازع نے خطے میں عدم استحکام اور عالمی معیشت میں بے یقینی کو بڑھایا ہے، جس کے اثرات دنیا بھر کے ممالک بھگت رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ شروع کرنے والے ممالک خود کو متاثرہ فریق ظاہر کرکے ذمہ داری سے بری نہیں ہوسکتے، اور نہ ہی حملہ آور کو مظلوم جبکہ متاثرہ فریق کو قصوروار قرار دینا درست ہے۔دوسری جانب، اقوام متحدہ کے ایک تحقیقاتی مشن نے ستمبر میں کہا تھا کہ اسے ایران میں مناب کے اسکول اور لامرد کے کھیلوں کے مرکز پر فروری میں ہونے والے حملوں میں امریکی افواج کی جانب سے جنگی جرائم کے ارتکاب کے حوالے سے معقول بنیادیں ملی ہیں۔



