فرانسیسی صدر میکرون کا سعودی عرب کا غیر اعلانیہ دورہ، محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون خلیجی ممالک کے دورے کے دوران غیر اعلانیہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں ریاض کے گورنر نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق حوثی حملوں میں اضافے کے بعد میکرون سعودی عرب پہنچنے والے پہلے مغربی سربراہِ مملکت ہیں۔ فرانسیسی صدر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات متوقع ہے، جس میں خطے کی صورتِ حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میکرون سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق فرانس میں مہنگائی اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے تناظر میں فرانسیسی صدر نے خلیجی ممالک کا دورہ کیا ہے۔ اس دورے کو توانائی کے تعاون اور علاقائی صورتِ حال کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



