ایف بی آر نے سرکاری ملازمین کا ریکارڈ طلب کرلیا، 27 اکتوبر آخری تاریخ مقرر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام متعلقہ افسران سے یکم جولائی 2026 تک کے سرکاری ملازمین کا ڈیٹا طلب کرلیا ہے۔ مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کے لیے 27 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جبکہ سرکلر میں اس معاملے کو انتہائی فوری قرار دیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے میرٹ پر بھرتی ہونے والی خواتین کی تعداد، ان کے عہدوں اور خواتین کے لیے مختص 10 فیصد کوٹے کے تحت منظور شدہ، پُر اور خالی آسامیوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

اسی طرح اقلیتوں کے لیے مختص 5 فیصد کوٹے اور خصوصی افراد کے لیے 2 فیصد کوٹے سے متعلق ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ افسران کو ان کوٹوں کے تحت منظور شدہ، پُر اور خالی آسامیوں کی تفصیلات جمع کرانا ہوں گی۔

دوسری جانب ایف بی آر نے وفاقی سیکرٹریٹ میں سندھ کے شہری اور دیہی کوٹے کے تحت خالی آسامیوں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔ نوٹس میں اس معاملے پر چار ماہ سے زائد تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ متعدد یاد دہانیوں کے باوجود سندھ کے شہری اور دیہی کوٹے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ایف بی آر نے کراچی کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کو فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے، جبکہ کارپوریٹ ٹیکس آفس ون کراچی کو مطلوبہ معلومات 23 اکتوبر تک فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ہدایت کے مطابق سندھ کے کوٹے کے تحت خالی آسامیوں کا ریکارڈ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوایا جائے گا۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ اگر مطلوبہ معلومات دستیاب نہیں تو اس صورت میں بھی رپورٹ جمع کرانا ضروری ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button