ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول سامنے آگیا، پاکستان گروپ بی میں شامل

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ کا تیسرا ایڈیشن 21 جنوری سے بنگلا دیش اور نیپال میں شروع ہوگا، جس میں 16 ٹیمیں عالمی اعزاز کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔

آئی سی سی کے مطابق شریک ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ دونوں میزبان ممالک کے چار وینیوز پر مجموعی طور پر 41 میچز کھیلے جائیں گے۔

گروپ اے میں بھارت، آئرلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیپال کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں پاکستان، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور سموا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ اس طرح پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ابتدائی مرحلے میں الگ الگ گروپس میں کھیلیں گی۔

گروپ سی میں آسٹریلیا، بنگلا دیش، نائجیریا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، سری لنکا، امریکا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 4 فروری کو کھیلے جائیں گے، جبکہ عالمی چیمپئن کا فیصلہ 6 فروری کو ہونے والے فائنل میں ہوگا۔ ایونٹ میں نوجوان خواتین کرکٹرز کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں

Back to top button