آئی سی سی کی نئی رینکنگ آگئی،پاکستانی کھلاڑیوں کی اہم پوزیشنیں برقرار

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے، جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف شعبوں میں اپنی پوزیشنیں برقرار رکھی ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ رینکنگ کے مطابق پاکستان کے ابرار احمد ون ڈے بولرز کی فہرست میں دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی بولرز میں بھی انہوں نے چوتھی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ ون ڈے بیٹرز کی فہرست میں پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم ساتویں اور سلمان علی آغا بارہویں نمبر پر برقرار ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ایشان کشن اور ابھیشیک شرما بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے تیسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی فہرست میں بھی افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، جبکہ پاکستان کے ابرار احمد چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔



