پیرس میں چوری کیے گئے برانڈ ہینڈ بیگز 90 فیصد تک سستے داموں فروخت ہونے لگے

پیرس (ویب ڈیسک) فرانس میں حالیہ مظاہروں اور لوٹ مار کے واقعات کے بعد پیرس کی سڑکوں پر مہنگے لگژری برانڈز کے خواتین کے ہینڈ بیگز انتہائی کم قیمتوں پر فروخت کیے جانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔

وائرل ویڈیوز کے مطابق بعض افراد پیرس کی دکانوں سے مبینہ طور پر چوری کیے گئے ہینڈ بیگز اصل قیمت سے 90 فیصد تک کم نرخوں پر فروخت کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فروخت کنندگان کے پاس بیگز کی خریداری کی رسیدیں موجود نہیں تھیں، جبکہ ان کی اصلیت کی ضمانت بھی نہیں دی جا رہی تھی۔ بعض مناظر میں دکانوں سے سامان نکال کر لے جانے کے واقعات بھی دکھائے گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ واقعات فرانس میں 17 اور 18 اکتوبر 2026 کو ہونے والے مظاہروں کے بعد سامنے آئے، جن کے دوران بعض مقامات پر احتجاج نے پرتشدد صورت اختیار کر لی۔ اس دوران لگژری برانڈز کی دکانوں میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔

ان واقعات کے بعد مبینہ طور پر چوری کیے گئے سامان کو سڑکوں اور آن لائن پلیٹ فارمز پر فروخت کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ تاہم، وائرل ویڈیوز میں دکھائے جانے والے تمام ہینڈ بیگز کے چوری شدہ ہونے یا ان کی اصلیت کے بارے میں آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

مزید خبریں

Back to top button