اسحاق ڈار اور مالدیپ کے صدر کی ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے مالدیپ کے صدر اور ان کے وفد کا پاکستان آمد پر پرتپاک خیرمقدم کیا اور صدر مملکت و وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر محمد معیزو کو نیک خواہشات کے پیغامات پہنچائے۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے مالدیپ کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے مالدیپ کے تجارتی وفد کی مالدیپ پاکستان بزنس فورم میں شرکت کا خیرمقدم کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے لیے اہم قرار دیا۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان میں اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کو سراہا۔

ملاقات میں ہونے والی بات چیت کو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button