لاہور: نشتر کالونی میں کھلے دودھ سے دو بچوں کی طبیعت بگڑ گئی، ایک جاں بحق، دوسرا اسپتال میں زیر علاج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں مبینہ مضر صحت دودھ پینے سے دو سالہ بچہ جاں بحق جبکہ تین سالہ بچے کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق دونوں بچوں کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو سالہ بچہ جانبر نہ ہوسکا، جبکہ تین سالہ بچہ تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق بچوں کے والدین نے محلے سے کھلا دودھ خریدا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو حراست میں لے لیا اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات معلوم کرنے اور دودھ کے معیار کا تعین کرنے کے لیے فرانزک ماہرین اور محکمہ فوڈ کو طلب کرلیا گیا ہے۔ دودھ کے نمونوں کی جانچ کے بعد ہی اس بات کا تعین ہوسکے گا کہ بچوں کی طبیعت خراب ہونے اور موت کا تعلق دودھ سے تھا یا نہیں۔

حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق تفتیش اور طبی رپورٹس سامنے آنے کے بعد واضح ہوں گے۔

مزید خبریں

Back to top button